اسحاق ڈار نیویارک پہنچ گئے، جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے

Published On 22 September,2025 10:03 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نیویارک پہنچ گئے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف آج نیویارک پہنچیں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں سالانہ سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اجلاس 22 سے 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔

نیویارک پہنچنے پر اسحاق ڈار کا استقبال پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ سفیر عاصم افتخار احمد، امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ اور مشن کے دیگر سینیئر حکام نے کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اپنے خطاب میں عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی صورتحال پر مبذول کرائیں گے، خاص طور پر غزہ میں جاری انسانی بحران کو اجاگر کریں گے اور فلسطینی عوام کی تکالیف ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیں گے۔

وہ علاقائی سلامتی، ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی، اسلاموفوبیا اور پائیدار ترقی جیسے اہم امور پر بھی پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا شیڈول خاصا مصروف ہے، وہ وزیراعظم کے ساتھ اہم اجلاسوں میں شریک ہونے کے علاوہ متعدد وزارتی و اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں بھی کریں گے اور اپنے ہم منصبوں سے درجن سے زائد دوطرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔