اسحاق ڈار سے امریکی ہم منصب مارکو روبیو کا رابطہ، تعلقات پر اعتماد کا اظہار

Published On 14 September,2025 08:49 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیَے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مثبت انداز میں آگے بڑھنے پر اعتماد کا اظہار کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو میں باہمی تعلقات اور حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے تعاون کے کثیر جہتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

وزرائے خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسرائیل کی قطر میں حماس کے رہنماؤں کے خلاف کی گئی کارروائی پر مسلم ممالک کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

پاکستان نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا تھا۔