اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے دورہ قطر کی تیاری مکمل کر لی گئی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار آئندہ چند گھنٹوں میں قطر روانہ ہوں گے، وہ ر دوحہ میں اسلامی و عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسلامی و عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس کل دوحہ میں منعقد ہو گا، اجلاس میں قطر پر حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اپنے خطاب میں قطر کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی اور حمایت کا اعلان کریں گے، جب کہ اجلاس میں قطر پر حالیہ اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی جائے گی۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے مسلم و عرب ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے پر غور کریں گے اور غزہ پر جاری اسرائیلی و صیہونی بربریت پر بھی بات کی جائے گی۔
خیال رہے ذرائع نے مزید یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا بھی پرسوں دوحہ میں عرب اسلامک سمٹ میں شرکت کا امکان ہے۔