اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلیفونک رابطہ، افغانستان میں آنے والےہولناک زلزلے میں سیکڑوں افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان میں آنیوالے تباہ کن زلزلے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعائیں کیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے افغان عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے زلزلہ متاثرین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
خیال رہے کہ افغانستان میں گذشتہ رات آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں 800 سے زائد افراد جاں بحق اور 2700 سے زائد زخمی ہوگئے، صرف صوبہ کنڑ میں 800 افراد جاں بحق ہوئے اور کئی گاؤں مٹی تلے دب گئے، صوبہ ننگرہار اور لغمان میں بھی جانی نقصان ہوا۔