پاکستان، مصر اور الجزائر کا فلسطین کے مسئلہ پر اظہارِ یکجہتی، تعلقات کے فروغ کا عزم

Published On 26 August,2025 02:26 pm

جدہ: (دنیا نیوز) پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعتی اور الجزائر کے وزیرِ خارجہ احمد عطار سے ملاقات کی اور مسئلہ فلسطین پر اظہار یکجہتی کیا۔

یہ ملاقات جدہ میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 21ویں غیرمعمولی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات میں فلسطین کی سنگین صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ فوری طور پر جنگ بندی ہونی چاہیے، فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی یقینی بنائی جائے، اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کاوشیں تیز کی جائیں۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ نازک حالات میں مسلم اُمہ کے اتحاد کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے مصر اور الجزائر کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کو بھی دہرایا اور کہا کہ پاکستان شمالی افریقہ کے برادر ممالک کے ساتھ مواصلات، تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔