قاہرہ: (دنیا نیوز) ترجمان پاکستانی سفارتخانہ قاہرہ کے مطابق غزہ کے لیے پاکستان کی امدادی سامان کی دوسری کھیپ مصر پہنچ گئی۔
ترجمان کے مطابق امدادی کھیپ لے کر پرواز مصر کے العریش بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری، امدادی پرواز وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر مصر پہنچی۔
یہ امدادی سامان مصر کے راستے غزہ کے عوام کے لیے فراہم کیا جائے گا، خصوصی چارٹرڈ طیارہ 100 ٹن امدادی سامان لے مصر پہنچا۔
ترجمان کے مطابق مصر میں پاکستانی سفیر عامر شوکت نے امدادی سامان وصول کیا، انہوں نے امدادی سامان غزہ میں فلسطینی شہریوں کو بھیجنے کے لیے مصری ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے کر دیا۔
اس موقع پر شمالی سینا گورنریٹ کے ڈپٹی گورنر جنرل عاصم بھی موجود تھے، شمالی سینا گورنریٹ کے ڈپٹی گورنر جنرل عاصم نے غزہ کے رہائشیوں کے لیے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے امداد کی فراہمی کو بھرپور سراہا۔
غزہ میں پاکستان کی جانب سے فلسطینی بھائیوں کے لیے مجموعی طور پر 21 امدادی کھیپ روانہ کی جا چکی ہیں، اب تک پہنچائی جانے والی کل مقدار 2027 ٹن تک پہنچ گئی ہے۔