غزہ: (دنیا نیوز) غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ ایک ہزار عمارتیں مکمل تباہ ہو گئیں۔
قطری نشریاتی ادارے کے مطابق شمالی غزہ میں اسرائیلی ٹینکوں نے گولہ باری اور جنوبی اور وسطی حصوں میں باقاعدہ بمباری کی جس کے نتیجے میں ہزار سے زائد عمارتیں مکمل تباہ ہو گئیں، یہ بمباری غزہ پر مکمل قبضہ کی طرف پیش قدمی قرار دی جا رہی ہے۔
اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والوںڈ میں امداد کے متلاشی 24 افراد بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ بھوک کی شدت سے بھی مزید 8 فلسطینی انتقال کر گئے جس کے بعد غذائی قلت سے اموات 115 بچوں سمیت 289 ہوگئیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 62 ہزار 600 سے زائد ہوگئی جبکہ ایک لاکھ57 ہزارسے زائدافراد زخمی ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ میں 14 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
ادھر فلسطینی ریاست کی حمایت پر اسرائیل نے فرانس اور دیگر یورپی ممالک کو وارننگ دی ہے، اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ یورپ کو اسرائیل اور حماس میں سے کسی ایک کو چُننا ہوگا۔
اسرائیل کے یمن پر حملے، 6 افراد جاں بحق، 67 زخمی
علاوہ ازیں یمن کے دارالحکومت صنعا پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 6 افراد جاں بحق اور 67 زخمی ہوگئے۔
صنعا میں درجنوں اسرائیلی طیاروں نے صدارتی کمپلیکس کے نزدیک میزائل اور ایندھن کے گودام اور پاوراسٹیشن پر بمباری کی۔
سرائیلی فوج نے مضحکہ خیز دعویٰ کیا کہ اس نے صنعا میں صدارتی محل والے فوجی کمپاؤنڈ، 2 بجلی گھروں اور ایک فیول ڈپو کو نشانہ بنایا، یہ حملےحوثیوں کی جانب سے اسرائیل اور اس کے شہریوں پر بار بار کیے جانے والے حملوں کے جواب میں کیے گئے۔
یاد رہے کہ2 روز قبل یمن سے اسرائیل پر میزائل حملہ ہوا تھا جسے اسرائیل نے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔