ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے اقوام متحدہ کے غزہ میں قحط کے اعلان پر ردعمل میں کہا کہ غزہ جنگ اقوام عالم کے منہ پر سیاہ دھبہ ہے۔
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ نے تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، اسرائیلی قابض فورسز نے غزہ میں نہتے شہریوں پر قیامت برپا کر رکھی ہے، غزہ میں اسرائیلی جرائم اور نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے غزہ کو قحط زدہ قراردے دیا ہے، اقوام متحدہ کے گلوبل ہنگر مانیٹر انٹیگریٹڈ فوڈ سکیورٹی فیز کلاسیفیکیشن (آئی پی سی) کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اس وقت 5 لاکھ 14 ہزار فلسطینی، یعنی غزہ کی آبادی کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ قحط کا شکار ہے اور یہ تعداد ستمبر کے آخر تک 6 لاکھ 41 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔
آئی پی سی کا مزید کہنا تھا کہ شمالی علاقے خصوصاً غزہ سٹی کو باضابطہ طور پر قحط زدہ قرار دیا گیا ہے جہاں صرف اس خطے میں 2 لاکھ 80 ہزار افراد بھوک سے مر رہے ہیں، دیگر متاثرہ علاقے دیر البلح اور خان یونس ہیں جو اگلے ماہ قحط کا شکار ہو سکتے ہیں۔