اسرائیل میں نیتن یاہو کیخلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے جاری، غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

Published On 22 August,2025 01:20 am

تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل میں وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے جاری ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق ہزاروں اسرائیلی شہری غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے، تل ابیب، یروشلم اور قیصریہ میں شدید عوامی احتجاج کیا گیا، فلسطینی شہریوں کا قتل بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

خبر ایجنسی نے مزید بتایا کہ مظاہرین نے نعرے لگائے کہ جنگ ختم کرو، قیدی واپس لاؤ، نتن یاہو کی رہائش گاہ کے باہر بھی عوام نے احتجاج کیا، مظاہرین نے الزام لگایا کہ نیتن یاہو نے شہریوں اور قیدیوں کو خطرے میں ڈالا ہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت غزہ میں فوری جنگ بندی پر راضی ہو، یرغمالیوں کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ مزید حملے قیدیوں کے لئے موت کا باعث بن سکتے ہیں، عوامی دباؤ کے باوجود نیتن یاہو کا غزہ میں کارروائیاں جاری رکھنے کا عندیہ دے دیا۔