واشنگٹن: (دنیا نیوز) اسرائیل کی جانب سے کمپنی کی ٹیکنالوجی کے مبینہ استعمال پر احتجاج کرنے والے مائیکروسافٹ کے ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مائیکروسافٹ کے ملازمین نے گزشتہ روز امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے ریڈمنڈ میں واقع ہیڈکوارٹر میں احتجاجی کیمپ لگایا تھا جس میں کمپنی سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اسرائیل سے کاروبار بند کرے۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی نے ملازمین کو پلازہ چھوڑنے کی وارننگ جاری کی تھی تاہم ملازمین نے اپنا احتجاج ختم کرنے سے انکار کیا اور احتجاج کے مقاصد کے حوالے سے ایک اعلامیہ بھی جاری کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس نے آج احتجاجی مظاہرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مائیکروسافٹ کے 18 ملازمیں کو گرفتار کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسرائیلی فوج کو مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کی فراہمی کے خلاف مائیکروسافٹ کے ملازمین کمپنی کے اعلیٰ حکام کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرواچکے ہیں۔