اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے مزید 60 فلسطینی شہید، 3 افراد بھوک سے دم توڑ گئے

Published On 20 August,2025 05:24 pm

غزہ: (دنیا نیوز) حماس کی جنگ بندی کی حمایت کے باوجود غزہ میں اسرائیلی بربریت تھم نہ سکی، صیہونی فورسز کے بے گھر اور امداد کے متلاشی فلسطینیوں پر حملے جاری ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 24 گھنٹوں کے دوران 60 فلسطینی شہید، متعدد زخمی ہو گئے، غزہ سٹی، جنوبی و شمالی علاقوں میں شہری آبادی کو شدید فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

شہید ہونے والوں میں خواتین، بچے اور امدادی کارکن بھی شامل ہیں، 3 فلسطینی شہری خوراک کی عدم دستیابی کے باعث بھوک سے دم توڑ گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ نے امدادی رسائی محدود ہونے پر قحط کے خطرے سے خبردار کر دیا۔

دوسری جانب اسرائیل نے 1 لاکھ 82 ہزار ٹن امداد غزہ میں داخل ہونے کا دعویٰ کیا ہے، اقوام متحدہ نے صرف 87 ہزار ٹن کی تصدیق کی۔

غزہ میں ہسپتال، سکول اور پناہ گاہیں مسلسل حملوں کی زد میں ہیں، عالمی برادری نے جنگ بندی کی اپیلیں جاری کی ہیں لیکن اسرائیلی کارروائیاں رکنے کا نام نہیں لے رہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق قطر، مصر اور اقوام متحدہ کی ثالثی سے جنگ بندی کی امید ہے، اسرائیل کے حتمی جواب کا انتظار ہے۔