تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی پر قبضے کیلئے 60 ہزار نئے ریزرو فوجیوں کو طلبی کے احکامات جاری کردیے۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ریزرو فوجیوں کے حوالے سے یہ فیصلہ جنگی ضروریات اور افرادی قوت کے حوالے گہری مشاورت کے بعد کیا گیا جس کی وزیر دفاع کی جانب سے منظوری دے دی گئی ہے۔
فوج کے مطابق 60 ہزار اہلکاروں کی طلبی کے علاوہ مزید 20 ہزار ریزرو اہلکاروں کی سروس میں توسیع کے نوٹس بھی جاری ہوں گے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ اسرائیلی فوج نے حالیہ دنوں میں شمالی غزہ کے علاقے جبالیا اور غزہ سٹی کے مضافات میں دوبارہ حملے شروع کردیے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ سٹی میں موجود مقامی صحافیوں کا بتانا ہے کہ شہر میں سیکڑوں رہائشی عمارتیں تباہ کردی گئی ہیں اور علاقے کو ویرانے میں تبدیل کردیا گیا ہے، اسرائیل غزہ سٹی میں بلند و بالا رہائشی بلاکس کو منظم طور پر تباہ کررہا ہے تاکہ یہ علاقے ویران اور ناقابل رہائش بن جائیں۔
رپورٹ کے مطابق غزہ سٹی پر قبضے کے اس اسرائیلی منصوبے میں 2 ہفتوں کے دوران فلسطینیوں کا وسیع پیمانے پر جبری انخلا شامل ہے جس کا آغاز ایک فوجی آپریشن سے کیا جائے گا، پھر بتدریج شہر میں داخل ہوکر قبضہ کیا جائے گا۔