برسلز: (ویب نیوز) اسرائیل کے مغربی کنارے میں 3 ہزار سے زائد یہودیوں کو آباد کرنے کے منصوبے کو 21 ممالک نے مذمت کرتے ہوئے مسترد کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کسی زمانے میں اسرائیل کے حلیف اور نیتن یاہو کے دوست ممالک برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا، کینیڈا اور اٹلی نے بھی منصوبے کو ناقابلِ قبول قرار دیدیا۔
اپنے مشترکہ بیان میں ان ممالک نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس منصوبے کو ختم کرے تاکہ مشرق وسطیٰ میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ کو ختم کیا جا سکے۔
ان ممالک نے اسرائیل کے اس منصوبے کو فلسطینی ریاست کے تصور کو ختم کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے میں کشیدگی اور تناؤ میں اضافہ ہوگا۔
خیال رہے کہ یہ منصوبہ یروشلم کے قریب ای ون علاقے میں یہودی بستیوں کی تعمیر سے متعلق ہے جس کی اسرائیلی وزارتِ دفاع نے حال ہی میں باضابطہ منظوری دی تھی۔
یہ منصوبہ مغربی کنارے کو دو حصوں میں تقسیم کر دے گا اور مشرقی بیت المقدس کو فلسطینی علاقے سے الگ کر دے گا۔