تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے مذاکرات شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ شرائط اسرائیل کیلئے قابل قبول ہونی چاہئیں، حماس کو شکست دیں گے، حماس سے مذاکرات شروع کرنے کیلئے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ یرغمالیوں کی واپسی اور جنگ بندی کیلئے ایسی شرائط ہوں جو ہمیں قبول ہوں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک بار پھر غزہ پر ناجائز قبضے کے اپنے عزم کو دہرایا تھا، نیتن یاہو نے کہا تھا کہ چاہے حماس جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کو قبول کرے یا نہ کرے دونوں صورتوں میں اسرائیل غزہ پر فوجی کنٹرول حاصل کرے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ کی جنگ جیتنے کے قریب ہے اور حماس کی مزاحمت کو ختم کرنا ناگزیر ہے، یہ جنگ آج ہی ختم ہوسکتی ہے اگر حماس ہتھیار ڈال دے اور باقی یرغمالیوں کو رہا کردے۔