جدہ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سعودی اور ایرانی ہم منصبوں سے ملاقات ہوئی، جس میں غزہ کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
او آئی سی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ہونے والی ملاقات میں غزہ میں جاری نسل کشی، قحط پر بات چیت کی گئی، وزرائے خارجہ نے غزہ میں مستقل جنگ بندی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران قیام امن، بلاروک ٹوک انسانی امداد اور سنگین انسانی بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر بھی اظہار خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی ہم منصب سید عباس عراقچی سے ملاقات میں غزہ کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال اور اسرائیلی جارحیت اور نسل کشی کی مذمت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے انسانی امداد کی بلارکاوٹ فراہمی اور دیرپا جنگ بندی پر زور دیا، دونوں وزرائے خارجہ نے قحط اور انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں کا امن و سلامتی کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔