پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

Published On 24 August,2025 02:24 pm

ڈھاکہ: (دنیا نیوز) پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے، حکومت پاکستان نے پاکستان بنگلا دیش علمی راہداری کا اعلان بھی کیا ہے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ڈھاکہ میں ہوئی جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بنگلا دیش کے مشیر برائے خارجہ امور محمد توحید حسین بھی شریک ہوئے۔

بنگلا دیشی طلباء کے لیے سکالرشپس کا اعلان

دفتر خارجہ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے دورہ کے موقع پر پاکستان نے پاک بنگلا دیش علمی راہداری کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اگلے پانچ برسوں کے دوران 500 بنگلا دیشی طلباء کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے سکالرشپس دی جائیں گی۔

حکام کے مطابق ان میں سے ایک چوتھائی سکالرشپس طب کے شعبے میں دی جائیں گی، اس کے علاوہ، اسی مدت کے دوران 100 بنگلا دیشی سول سرونٹس کے لیے تربیتی پروگرامز کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

مزید برآں پاکستان نے پاکستان ٹیکنیکل اسسٹنس پروگرام کے تحت بنگلا دیشی طلباء کو دی جانے والی سکالرشپس کی تعداد 5 سے بڑھا کر 25 کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

سفارتی و حکومتی پاسپورٹ پر بغیر ویزا داخلے کی سہولت

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش نے سفارتکاروں اور حکومتی اہلکاروں کے لیے ویزا ختم کرنے کے معاہدہ پر دستخط کیے۔

انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد اور بنگلا دیش انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اینڈ سٹریٹجک سٹڈیز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ٹریڈ جوائنٹ ورکنگ گروپ کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے، ایسوسی اینڈ پریس آف پاکستان اور بنگلا دیش سنگباد سنگستھا کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

پاکستان اور بنگلا دیش کی فارن سروس اکیڈمیز میں تعاون کی مفاہتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پاکستان اور بنگلادیش میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ پر اتفاق

قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بنگلادیش کے مشیر خارجہ امور محمد توحید حسین اور مشیر تجارت بشیر الدین سے ڈھاکا میں وفود کی سطح پر اہم ملاقاتیں کی ہیں جن میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ڈھاکہ میں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اعلیٰ سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون اور علاقائی مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اقتصادی و تجارتی تعلقات کے فروغ پر اتفاق

اس موقع پر اعلیٰ سطح پر روابط، عوامی سطح پر روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیم و استعداد کار میں اضافے کے منصوبے اور انسانی بنیادوں پر تعاون بھی زیرِ بحث آئے، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر غور کیا گیا، سارک کی بحالی، مسئلہ فلسطین اور روہنگیا بحران کے حل پر زور دیا گیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یاد رہے کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار گزشتہ روز بنگلا دیش کے تاریخی دورے پر پہنچے تھے، یہ کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا 13 سال بعد پہلا دورہ ہے، اسحاق ڈار حکومت بنگلا دیش کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

آخری بار پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے نومبر 2012 میں 6 گھنٹے کا مختصر دورہ کیا تھا، تاکہ اس وقت کی وزیرِاعظم شیخ حسینہ کو اسلام آباد میں ہونے والے ایک سربراہی اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی جا سکے۔