بنگلہ دیش نے پاکستانی حکام کیلئے ویزا کی شرط ختم کر دی

Published On 23 August,2025 07:47 pm

ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش نے پاکستانی حکام کے لیے ویزا کی لازمی شرط ختم کر دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کی سربراہی میں قائم بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے پاکستانی اور بنگلہ دیشی حکام کے درمیان باہمی ویزا استثنیٰ کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔

پریس سیکرٹری شفیق الاسلام کے مطابق معاہدے کے تحت پاکستان کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو بنگلہ دیش میں بغیر ویزا داخلے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہی سہولت بنگلہ دیشی حکام کو پاکستان آمد کے لیے حاصل ہوگی، یہ معاہدہ آئندہ 5 سال تک نافذ العمل رہے گا۔

یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی امید پیدا کرتا ہے اور سرکاری سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔