نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سرکاری دورے پر ڈھاکہ پہنچ گئے

Published On 23 August,2025 09:16 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار بنگلادیش کے سرکاری دورے پر ڈھاکہ پہنچ گئے۔

بنگلا دیش کے سفیر اسد عالم صیام اور بنگلا دیش کے سیکرٹری خارجہ نے اسحاق ڈار کا استقبال کیا، پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر اور دیگر سینئر بنگلا دیشی حکام بھی موجود تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق اسحاق ڈار ڈھاکا میں بنگلا دیشی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کریں گے، نائب وزیراعظم بنگلا دیش حکومت کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اسحاق ڈار کی چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات ہوگی، ایڈوائزر وزارت خارجہ توحید حسین سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

یہ دورہ پاکستان اور بنگلا دیش تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے، پاکستانی وزیر خارجہ تقریباً 13 سال کے وقفے کے بعد بنگلا دیش کا دورہ کر رہے ہیں۔

اسحاق ڈار کے دو روزہ دورے کے دوران دونوں ممالک دو طرفہ تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط بھی کریں گے۔

1971 کے بعد پاکستانی حکام کیلئے ویزا کی شرط ختم

بنگلا دیش نے 1971 کے بعد پہلی بار پاکستانی حکام کے لیے ویزا کی شرط ختم کردی ہے، یہ معاہدہ 5 سال کے لیے نافذ العمل ہو گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش اور پاکستان کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو اب دونوں ملکوں کے درمیان سفر کرنے کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی۔

نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کی قیادت میں بنگلا دیش کی عبوری حکومت نے باہمی ویزا استثنیٰ کے اس معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔

محمد یونس کے پریس سیکرٹری شفیق الاسلام نے ڈھاکا میں نیوز کانفرنس میں بتایا کہ بنگلا دیش کے 31 دیگر ممالک کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے معاہدے موجود ہیں، اس معاہدے کے تحت پاکستانی حکام کو بھی بنگلا دیش میں ویزا کے بغیر داخلے کی اجازت ہو گی۔