ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان کی جگہ بنگلا دیش کو شامل کرلیا گیا

Published On 07 August,2025 01:04 am

ممبئی: (دنیا نیوز) ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان کی جگہ بنگلادیش کو شامل کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان نے بھارت میں ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کیا تھا، ایشیا کپ 27 اگست سے 7 ستمبر تک بھارت کے شہر راجگیر میں شیڈول ہے، پاکستانی حکومت نے پاکستانی ٹیم کو بھارت میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

بھارتی انتہا پسند تنظیموں نے ہاکی ٹیم کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی تھیں، پاکستان نے بھارت اور ایشین ہاکی فیڈریشن کو تحفطات سے آگاہ کیا تھا، ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی، بھارت، چین، جاپان، ملائیشیا، جنوبی کوریا، عمان، چائنیز تائپے اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔

رانا مجاہد سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ پاکستان کو پہلے بھی بھارت میں کھیلنے پر تحفظات تھے اور اب بھی ہیں، اپنے کھلاڑیوں کی جان کا تحفظ سب سے اہم ہے، بھارتی حکومت نے سکیورٹی دینے کی یقین دہانی نہیں کروائی تھی۔

رانا مجاہد کا مزید کہنا تھاکہ ایشین ہاکی فیڈریشن نے بنگلہ دیش کو شامل کرنے پرہمیں آگاہ نہیں کیا، پاکستان ہاکی فیڈریشن اپنی حکومت کے فیصلوں کا ماننے کی پابند ہے، ایشیا کپ کے بعد بھی پاکستان کے پاس ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کا موقع ہے۔