اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اہم دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر وزرائے خارجہ نے تجارتی ٹیرف پر گفتگو کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر برائے امور خارجہ توحید حسین سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے عوامی سطح پر روابط بڑھانے اور مستقبل قریب میں اعلیٰ سطحی دوروں پر رضامندی ظاہر کی۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈارکی مصری ہم منصب سے ملاقات، دفاع، سرمایہ کاری امور پر تبادلہ خیال
ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، خصوصاً اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت اور انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی اور ان کے منصفانہ مقصد کی بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا، بات چیت میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔