ڈھاکا: (دنیا نیوز) بنگلادیش ایئرفورس کا تربیتی طیارہ کالج کیمپس کی کینٹین پر گرکر تباہ ہوگیا، حادثے میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
بنگلادیشی میڈیا رپورٹ کے مطابق طیارہ اچانک ڈھاکا میں کالج کیمپس کی عمارت کے قریب توازن کھو بیٹھا اور حادثے کا شکار ہوا، واقعہ ڈھاکا کے شمالی علاقے اُتّرا میں پیش آیا۔
بنگلادیشی فضائیہ کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے ایک بیان میں اس واقعے کی تصدیق کرتے یوئے کہا کہ بنگلہ دیش ایئر فورس کا F-7 BGI تربیتی طیارہ اُتّرا میں گر کر تباہ ہوا، یہ طیارہ دوپہر ایک بج کر 6 منٹ پر روانہ ہوا تھا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق حادثے کے فوری بعد ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا، فائر بریگڈ اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونیوالے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔