لاٹری ٹکٹ نے غیر ملکی الیکٹریشن کو راتوں رات کروڑ پتی بنا دیا

Published On 05 July,2025 09:57 pm

ابوظہبی:(ویب ڈیسک) یواے ای میں کام کرنے والا بنگلادیش کا ایک الیکٹریشن ڈھائی کروڑ درہم (1 ارب 93 کروڑ پاکستانی روپے) کی لاٹری جیتنے کے بعد غیر یقینی کی کیفیت میں مبتلا ہوگیا۔

یواے ای میں رہائش پذیر43 سالہ محمد ناصر بلال نے ٹکٹ نمبر 061080، 24 جون کو ابو ظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کاؤنٹر سے خریدا تھا۔

قرعہ اندازی کے بعد جب میزبان رچرڈ اور بشرا نے خوشخبری سنانے کے لیے ان سے رابطے کی کوشش کی تو متعدد کوششوں کے باوجود ان سے رابطہ نہ ہو سکا، تاہم بِگ ٹکٹ ٹیم بالآخر کسی طرح ان تک پہنچ گئی۔

محمد ناصر بلال گزشتہ 14 برس سے متحدہ عرب امارات میں رہے ہیں جبکہ ان کا خاندان بنگلا دیش میں ہی رہتا ہے، ان کو بِگ ٹکٹ کے متعلق پہلی بار12 برس قبل معلوم ہوا اور اس کے بعد سے وہ باقاعدگی کے ساتھ ہر مہینے قرعہ اندازی میں حصہ لیتے آئے ہیں۔

انعام جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ناصر بلال کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا وہ اس پر یقین نہیں کرسکتے، وہ پچھلے 12 برس سے ہر مہینے ٹکٹ خرید رہے ہیں اس خواب کے ساتھ ایک دن وہ جیتیں گے، آج ان کا خواب پورا ہوگیا۔