بنگلا دیش: عبوری حکومت کا اپریل میں عام انتخابات کرانے کا اعلان

Published On 06 June,2025 09:53 pm

ڈھاکہ: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے ملک میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے عبوری حکومت کے سربراہ اور نوبیل انعام یافتہ محمد یونس نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات آئندہ سال اپریل 2026 کے پہلے دو ہفتوں کے دوران کسی بھی دن منعقد ہوں گے۔

اپنے خطاب میں محمد یونس کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان بنگلہ دیش کا الیکشن کمیشن جلد کرے گا اور مکمل شیڈول آنے والے دنوں میں جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عبوری حکومت کو ملک میں اصلاحات، انصاف کی فراہمی اور شفاف انتخابات کے انعقاد کا مینڈیٹ ملا تھا اور امید ہے کہ آئندہ عیدالفطر تک ان شعبوں میں قابل ذکر پیش رفت حاصل کر لی جائے گی۔

واضح رہے کہ محمد یونس اس سے قبل بھی کئی بار انتخابات کی ممکنہ مدت دسمبر 2025 سے جون 2026 کے درمیان بتا چکے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں سال اگست میں بنگلہ دیش میں پرتشدد عوامی تحریک کے بعد سابق وزیر اعظم حسینہ واجد ملک چھوڑ کر بھارت روانہ ہوگئی تھیں، جس کے بعد ملک کی عبوری قیادت محمد یونس کو سونپی گئی تھی۔