ڈھاکہ: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بنگلادیش کے ساتھ مضبوط تعلقات کے خواہاں ہیں۔
پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ شاندار استقبال پر بنگلا دیش حکومت کا مشکور ہوں، کئی برسوں کے بعد دورہ بنگلا دیش انتہائی خوشی کا باعث ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور مذہبی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سماجی روایات ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان برادرانہ جذبات پائے جاتے ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام خطے میں امن اور خوشحالی چاہتے ہیں، چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، بنگلا دیش میں تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات ایک سال میں پروان چڑھے ہیں، بنگلا دیش کا سارک کانفرنس میں اہم کردار ہے۔