اسحاق ڈار کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

Published On 14 September,2025 09:03 pm

دوحہ: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہنگامی عرب اسلامک سربراہی اجلاس کے وزرائے خارجہ کی تیاری اجلاس کے موقع پر ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے قطر اور دیگر مسلم ممالک پر اسرائیل کے بلاجواز حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ریاستی خودمختاری، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے مسلم امہ کے اتحاد کے لیے عرب لیگ اور او آئی سی کے کردار کی اہمیت پر زور دیا اور فلسطینی عوام کی آزادی اور حقِ خود ارادیت کی جائز جدوجہد کی بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔