مظفر آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر امیر مقام اور طارق فضل چودھری نے مظفر آباد میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے دوران تمام مطالبات تسلیم کرلیے۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 29 ستمبرکو احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے جس کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری کو مظفرآباد جانے کی ہدایت کی تھی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا ہے کہ آئینی دائرے میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات مان لیے ہیں، کشمیر میں بجلی 3 روپے فی یونٹ اور آٹا بھی کم قیمت پر فراہم کیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مہاجرین کی نشستیں ختم کرنے کا غیر آئینی مطالبہ کیا، مہاجرین کی نشستیں ختم کرنا مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بے وفائی ہوگی ۔
وفاقی وزیر کے مطابق مذاکرات کے دوران جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو بتایا گیا کہ یہ آئینی اور قانونی معاملہ ہے، آپ عوام کا مینڈیٹ لے کر الیکشن جیتیں، اسمبلی میں آئیں، پھر ترامیم کرائیں۔