صنعا:(دنیا نیوز) یمن کے ساحل کے قریب بحری جہاز میں آگ لگنے کے بعد پھنسے پاکستانی باحفاظت نکل آئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ روز یمن کے ساحل کے قریب ایک بحری جہاز میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس پر 24 پاکستانیوں سمیت مختلف ممالک کے عملے کے ارکان موجود تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ پاکستانی سفارتخانوں نے یمنی حکام سے رابطہ کیا اور عملے کی خیریت کے لیے اقدامات کیے۔
دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ اس دوران پاکستانی سفارتی مشنز نے عملے کے اہل خانہ سے بھی مسلسل رابطہ رکھا اور انہیں تازہ صورتحال سے آگاہ کرتے رہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اب مذکورہ بحری جہاز یمنی پانیوں سے باہر جارہا ہے اور تمام عملہ بشمول پاکستانی شہری محفوظ اور خیریت سے ہے۔