پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں ایک منظم اور کامیاب جلسہ منعقد ہوا، تمام کارکنوں کو تاریخی جلسے کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، جلسے میں عوام کی غیر معمولی تعداد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور پوری قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارکن مخالفین کی باتوں پر کان نہ دھریں، ان کا کام ہی تنقید کرنا ہے۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے، حقیقی آزادی اور عمران خان کی رہائی ہی تمام کارکنوں اور قیادت کا حتمی مقصد ہے۔