متازعہ ٹوئٹ کیس: ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم عائد

Published On 30 September,2025 12:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے متنازعہ ٹوئٹ کیس میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم عائد کر دی۔

مقامی عدالت اسلام آباد میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازعہ ٹوئٹ کیس کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم عائد کی۔

دونوں ملزمان سماعت کے دوران عدالت میں موجود نہیں تھے اور ان کی جانب سے معاون وکیل پیش ہوئے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کہاں ہیں، جس پر معاون وکیل نے بتایا کہ وہ پہلے عدالت میں آئے تھے مگر اب راولپنڈی میں پیشی پر گئے ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ کس سے اجازت لے کر گئے؟ عدالت کی جانب سے فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی۔

معاون وکیل نے فرد جرم کی کاپی فراہم کرنے کی استدعا کی، جس پر عدالت نے ہدایت دی کہ طریقہ کار کے مطابق نقل کے لئے درخواست دی جائے، عدالت نے استغاثہ کے گواہان کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت میں ڈیڑھ بجے تک وقفہ کر دیا۔