باجوڑ: (دنیا نیوز) پاک فوج کی جانب سے باجوڑ کی تحصیل ماموند میں خوارج کی جانب سے چھوڑے گئے بارودی مواد کو تلف کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے جوان اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر بارودی مواد کو ناکارہ بنا رہے ہیں، گاؤں گھاکی میں کارروائی کے دوران خوارج کے چھوڑے گئے خطرناک مواد کو کامیابی سے تلف کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ تحصیل ماموند میں حالیہ دنوں بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے میں معصوم بچے شہید اور شدید زخمی ہوچکے ہیں، جس کے بعد علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیئے گئے ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے علاقہ مکینوں اور عمائدین سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک مواد یا ہتھیار کی موجودگی کی صورت میں فوری اطلاع دیں تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے، عوام کو خصوصی احتیاط برتنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
دفاعی ماہرین نے کہا کہ خوارج کا وطیرہ ہے کہ وہ جہاد کے نام پر نہتے اور معصوم لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں، خوارج خواتین اور بچوں کو بطور ڈھال استعمال کر رہے ہیں، خوارج سول آبادی کے قریب بارودی مواد چھوڑ دیتے ہیں، خوارج کے اس غیر انسانی فعل کا نقصان سول آبادی کو اٹھانا پڑتا ہے۔