لاہور: (محمد بلال) دنیا بھر میں آج دل کے امراض سے بچاؤ کا دن منایا جا رہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد دل کی بیماریوں سے متعلق آگاہی اور بچاؤ شعور پیدا کرنا ہے۔
دنیا بھر میں ہر سال 29 ستمبر کو ’’ یوم قلب‘‘ منایا جاتا ہے، پاکستان میں ہر سال تقریباً 2 لاکھ افراد دل کے امراض کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔
عالمی ادارہ برائے صحت نے خبردار کیا ہے کہ 2030ء تک دنیا بھر میں دل کے امراض کے سبب اموات کی شرح سترہ اعشاریہ تین ملین سے بڑھ کر تئیس اعشاریہ چھ ملین تک پہنچ سکتی ہے،2017 ء میں 2 لاکھ 65 ہزار افراد عارضہ قلب کے باعث موت کی آغوش میں چلے گئے، ان امراض کے حوالے سے پاکستان دنیا میں 13 ویں نمبر پر ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عارضہ قلب میں مبتلا ہونے والوں میں اکثریت 25 سے 35 سال کے نوجوانوں کی ہے اس بیماری کی بڑی وجہ تمباکو نوشی ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق امریکا جیسے ترقی یافتہ ملک میں صرف 27 فیصد افراد دل کی بیماری کی علامات سے واقف ہیں، یہی وجہ ہے کہ امریکا میں اچانک حرکت قلب بند ہونے کے باعث 50 فیصد اموات ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ہو جاتی ہیں۔