باجوڑ: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے علاقے دیر اور زگئی میں پاک فوج کا کامیاب آپریشن کے بعد عوام نے پرتپاک استقبال کیا۔
دیر میں پاک فوج کا فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن اور قیام امن کے اقدامات پر والہانہ استقبال کیا گیا، عوام نے ایف سی کمانڈنٹ کو پھولوں کے ہار پہنا کر خراجِ تحسین پیش کیا، دیر کے عوام نے پاک فوج کی قربانیوں اور کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔
دیر کی فضا پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔
خوارج کے خاتمہ کے لیے دیر کے عوام نے پاک فوج کے جوانوں کے شانہ بشانہ لڑنے کا عزم کیا اور فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر دیر کے عوام نے پاک فوج پر مکمل اعتماد ظاہر کیا۔
دوسری طرف باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے زگئی میں بھی عوام نے پاک فوج کی آمد پر اظہارِ تشکر کیا اور سکھ کا سانس لیا۔
پاک فوج کی آمد پر باجوڑ کے عوام کا کہنا ہے کہ فوج کے آنے سے خوارجین سے جان چھوٹ جائے گی، وائرل ویڈیو میں دیکھا گیا کہ عوام پاک فوج کے جوانوں کے والہانہ استقبال کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے زگئی ماموند میں امن کی بحالی کے لیے خوارجین کے خاتمے کا آپریشن شروع کر دیا ہے، زگئی ماموند میں فتنۂ خوارج کی بڑی تعداد موجود ہے۔
زگئی ماموند میں دو ماہ قبل مقامی لوگوں کے اصرار پر خوارج کے خلاف جرگے شروع ہوئے تھے۔