بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے محققین نے ہڈیوں کے فریکچر کو منٹوں میں جوڑنے والا انقلابی سپر گلو تیار کر لیا ہے۔
چین کی ژے جیانگ یونیورسٹی کے ماہرین نے اس سپر گلو کو بون-2 کا نام دیا ہے، جو پہلے ہی 150 سے زائد کامیاب طبی تجربات میں استعمال ہو چکا ہے، ماہرین کے مطابق یہ چپکنے والا مادہ محض ایک انجکشن کی صورت میں ٹوٹے ہوئے ہڈی کے ٹکڑوں کو صرف تین منٹ میں جوڑ دیتا ہے۔
ہانگزو کے آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر لن شیان فینگ کے مطابق عام حالات میں ہڈی کے فریکچر کو جوڑنے میں مہینوں لگتے ہیں اور اس دوران مریض کو دھات کی پلیٹس، آپریشن اور پیچ لگانے جیسے تکلیف دہ مراحل سے گزرنا پڑتا ہے، لیکن بون-2 نے اس عمل کو آسان اور تیز رفتار بنا دیا ہے۔
ماہرین کو اس سپر گلو کی تیاری کا خیال سیپی سے آیا، جو نمکین اور متحرک پانی میں بھی دباؤ برداشت کرنے والے مضبوط بایو-گلو کے ذریعے چٹانوں پر جمی رہتی ہے، اسی فطری نظام سے متاثر ہو کر سائنس دانوں نے اس گلو کو تیار کیا۔
ماہرین کے مطابق ایک تجرباتی کیس میں ایک مریض کی کلائی کے فریکچر کو صرف3 سینٹی میٹر چیرا لگا کر گلو انجکشن کے ذریعے جوڑا گیا اور تین ماہ بعد مریض کی ہڈی بغیر کسی مشکل کے مکمل صحت یاب ہو ئی۔
ماہرین کے مطابق بون-2 کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ وقت کے ساتھ خود بخود جسم میں جذب ہو جاتا ہے اور مریض کو دوبارہ آپریشن کی ضرورت نہیں پڑتی، جس سے انفیکشن کے خدشات بھی کم ہو جاتے ہیں۔
یہ سپر گلو چین سمیت دنیا کے کئی ممالک میں رجسٹر کرایا جا چکا ہے، تاہم اس کی مکمل سائنسی اور طبی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مزید کلینکل تحقیق جاری ہیں۔