لاہور: (دنیا نیوز) حکومتِ پنجاب نے انسانی استعمال کے لیے گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں فیڈ ملز پر گندم کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گندم کو مرغیوں کے دانے میں استعمال کرنے پر مکمل پابندی ہوگی اور یہ فیصلہ آٹے اور روٹی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
حکومتِ پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں فیڈ ملز کے پاس ایک لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم کا ذخیرہ موجود ہے جسے انسانی خوراک کے بجائے پولٹری فیڈ میں استعمال کرنے کی اطلاعات تھیں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت پابندی کا نفاذ کیا جو 2 نومبر تک نافذ العمل رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا کہ گندم صرف فلور ملز میں آٹا بنانے کے لیے استعمال کی جائے گی اور اس فیصلے کا مقصد صوبے میں گندم کی ممکنہ قلت کو روکنا ہے۔
مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ اس حکم نامے کی عوامی آگاہی کے لیے سرکاری گزٹ، اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے بھرپور تشہیر کی جائے۔