فیصل آباد:(دنیا نیوز) وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مخالفین نے صرف باتیں ہی کی ہیں، خود پر بات برداشت ہے لیکن پنجاب پر بات کی تو گھر چھوڑ کر آؤں گی۔
پنجاب کے شہر فیصل آباد پہنچنے پر وزیرِاعلیٰ مریم نواز کا پر والہانہ استقبال کیا گیا، جب کہ مسلم لیگ کے کارکنوں نے اُن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، انہوں نے عوام کی والہانہ محبت اور خلوص کو ناقابلِ فراموش لمحہ قرار دیا۔
الیکٹرک بسیں لانچ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے عوام کا جذبہ ہی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی قوت ہے، یہ شہر واپس پی ایم ایل میں آنے لگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں بیٹھے سینئر لیگی رہنما میرے والد کے ساتھ مشکل وقت میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے، گرفتاری اور جیل جانے پر رانا ثنا نے کہا تھا کہ اگر میں نواز شریف کے ساتھ سو فیصد کھڑا تھا تو آج ہزار فیصد کھڑا ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا نام لیے بغیر پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھ پر تنقید کی جاتی ہے اِس کی تصویریں زیادہ آتی ہیں ہر جگہ مریم نواز کی تصویر ہے، جب کام کرو گے تو تصویر تو آئے گی ناں!، مجھ پر بات کی گئی تنقید کی گئی تو کچھ نہیں کہوں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی ترقی پر بات کریں گے اور اس کے حق کے خلاف بات کریں گے تو مریم نواز آپ کو گھر تک پہنچا کر آئے گی، یہاں کے عوام کی ذمہ داری اللہ تعالیٰ نے اور عوام نے خود مجھے دی۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام ہر جگہ میرے ساتھ شفقت اور محبت سے پیش آتے ہیں اگر میں اِن کے حق کے لیے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دوں تو یہ کم ہو گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ فیصل آباد کے عوام کو الیکٹرک بسیں بہت بہت مبارک ہوں، یہاں کے عوام کے لیے ڈیڑھ سو الیکٹرک بسیں لے کر آئی ہوں جس میں فیصل آباد کو 90، جھنگ کو 30 ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سندھ کو 15، 15 بسیں دی جارہی ہیں، یہ فیصل آباد میں پہلی پبلک اور سستی ٹرانسپورٹ ہے۔