روہتاس قلعہ کی تاریخی 'روشن باولی' عوام کیلئے کھول دی گئی، وزیراعلیٰ کا اظہار مسرت

Published On 27 September,2025 06:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر ورلڈ ٹورازم ڈے کے موقع پر روہتاس قلعہ کی تاریخی روشن باولی عوام کے لیے کھول دی گئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تاریخی ورثہ ہماری پہچان ہے، عوام کو محفوظ شکل میں واپس لوٹا رہے ہیں، خوبصورت پنجاب وژن کے تحت  تاریخی باولی  کو بحال کر کے دوبارہ جگمگایا گیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ 101 تاریخی مقامات کی بحالی شاندار پنجاب کے خواب کو حقیقت بنا رہی ہے، یہ اقدام پنجاب کے حسن کو محفوظ اور اجاگر کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ قلعہ روہتاس کی تاریخی بڑی باؤلی کو عوام کیلئے کھول دیا گیا، ایک نایاب ورثہ ، جو اب خوبصورت پنجاب ویژن کے تحت دوبارہ چمک رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ بحالی کیلئے منتخب کردہ 101 تاریخی وراثتی مقامات میں سے ایک ہے، یہ کام پنجاب کی خوبصورتی کو محفوظ رکھنے کے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔