ڈیرہ غازی خان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی لکیر کھینچنے والے ہم میں سے نہیں، پنجاب کے تمام شہروں کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔
ڈیرہ غازی خان میں الیکٹرک بسوں کی افتتاعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ میں سینٹرل یا ساؤتھ نہیں پورے پنجاب کی وزیراعلیٰ ہیں، بار بار پنجاب کا نام لے کر لکیر کھینچنے کی بات کی جارہی ہے، جو جنوبی پنجاب کی بات کرتے ہیں ان کو بھی اقتدار ملا، انہوں نے کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو سینٹرل، ساؤتھ، نارتھ پنجاب کی بات کرتے ہیں وہ پاکستان کے عوام کے دوست نہیں ہیں، ان کو اقتدار چاہیے، دوسرا آج کل ہر کوئی پنجاب پر انگلی اٹھا رہا ہے،میں پنجاب کے عوام کی ذمہ دار ہوں، پنجاب کی جانب اٹھنے والی انگلی توڑ دوں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلاول بھٹو زرداری کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک باعزت شخص کہہ رہا ہے کہ حکومت دنیا سے اپیل کیوں نہیں کرتی کہ اللہ کا واسطہ ہمیں پیسے دے دو، مگر ان کا کہنا چاہتی ہوں یہ مشورے اپنے پاس رکھیں اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 10 ہزار روپے سے سیلاب متاثرین کا کچھ نہیں بنے گا۔
یہ بھی پڑھیں: گڈ گورننس کیلئے پاکستان کے تمام 33 ڈویژن کو الگ الگ صوبہ بنایا جائے: میاں عامر محمود
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تاریخ کا بدترین سیلاب آیا، 4 ماہ سے مسلسل بارشیں ہورہی ہیں، پیپلزپارٹی ہماری اتحادی ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے، انہوں نے پنجاب میں سیلاب کے معاملے پر سیاست کی، صدر آصف زرداری میرے بڑے اور بلاول میرے چھوٹے بھائی ہیں، سندھ میں کوئی آفت آتی ہے تو پنجاب ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، سندھ کا کیا حال ہے، ابھی اس پر بات نہیں کرنا چاہتی۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیلاب آیا ہے تو بات ہورہی ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے امداد دی جائے، سیلاب متاثرین کے لیے بی آئی ایس پی کے 10ہزار روپے سے کچھ نہیں بنے گا، مریم نواز نے سیلاب متاثرین کو 10 ہزار روپے نہیں دینے بلکہ ان کو 10 لاکھ روپے دینا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ روز مفت مشورے آرہے ہیں کہ دنیا سے امداد کیوں نہیں مانگ رہے، کیوں دنیا کے آگے ہاتھ نہیں پھیلارہے، میں نوازشریف کی بیٹی ہوں، امداد کے لیے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گی، کوئی خود دار شخص کیسے کسی کے آگے ہاتھ پھیلاسکتا ہے، ہم کب تک دوسروں کےسامنے ہاتھ پھیلاتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گردشی قرض تمام وسائل نگل رہا تھا، مسئلے سے نمٹنا بہت بڑی کامیابی ہے: وزیراعظم
ان کا کہنا تھا کہ بہت ہی آسان حل نکالا ہے کہ بینظیم انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے لوگوں کو 5،5 یا 10،10 ہزار روپے دے دو، جس کا لاکھوں کا نقصان ہوگیا جن کے گھر گرگئے، جن کی فصلیں تباہ ہوگئیں ان کا اس 10 ہزار سے کیا ہوگا، میں سب کے گھر تعمیر کرنا چاہتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے 3 بچے جنید، مہرالنسا اور ماہ نور ہیں، سینٹرل پنجاب میرے لیے ماہ نور، نارتھ پنجاب میرے لیے مہرالنسا اور ساؤتھ پنجاب میرے لیے جنید ہے، جیسے ایک ماں اپنے بچوں میں تفریق نہیں کرتی اسی طرح میں اپنے صوبے کے عوام میں فرق نہیں کرسکتی۔