بہاولنگر: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی بہاولنگر میں ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ فلڈ ریلیف کیمپ آمد ہوئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے فلڈ ریلیف کیمپ میں پیدا ہونے والے بچوں کے والدین سے ملاقات کی، مبارکباد اور بہت سی دعائیں دیں، فلڈریلیف کیمپ میں پیدا ہونے والے بچے کا نام نواز شریف اور بچی کا نام مریم رکھا گیا۔
مریم نوازشریف نے فلڈریلیف کیمپ میں صنعت زار مرکزکا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے سلائی کڑھائی کرنے والی خواتین سے خوشگوار موڈ میں گفتگو کی، مریم نوازشریف نے سلائی مشین پر کپڑے کی سلائی بھی کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے فریم میں لگے کپڑے پر سوئی سے کڑھائی بھی کی، مریم نواز نے سلائی کڑھائی پر خوشی کا اظہار کیا۔
مریم نواز شریف نے فلڈ ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی، سیلاب متاثرین مرد و خواتین سے بات چیت کی، سہولتوں کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیراعلیٰ خواتین کے ساتھ بیٹھ گئیں، بچوں سے اظہار شفقت کیا، مریم نواز فلڈ ریلیف کیمپ کے عارضی کلاسوں میں معصوم بچوں میں گھل مل گئیں، مریم نواز شریف سے ملنے پر معصوم بچوں نے اظہارمسرت کیا۔
بچوں نے مریم نواز شریف کو پنسل سے بنے سکیچ پیش کئے، وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ خواتین اور بچوں کو تحائف پیش کیے۔
وزیر اعلیٰ نے فلڈ ریلیف کیمپ عارضی ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور تحائف پیش کئے، مریم نواز نے فلڈ ریلیف کیمپ میں بچوں اور خواتین کے ساتھ دستر خوان پر کھانا بھی کھایا۔
اس موقع پر مریم نواز شریف کو ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ڈی سی بہاولنگر نے بریفنگ دی، سیلاب سے بہاولنگر کی 26 یونین کونسلز، ایک لاکھ سے زائد آبادی متاثرہوئی، سیلاب متاثرہ علاقوں سے بروقت آبادی کا محفوظ انخلا یقینی بنایا گیا۔
مریم نواز کو بریفنگ دی گئی کہ سیلاب متاثرین کے لئے 20 فلڈ ریلیف کیمپ قائم ہیں، سیلاب متاثرین کے لئے ہیلتھ کاؤنٹر قائم کیا گیا، کلینک آن ویل، موبائل ہیلتھ یونٹ مصروف کار ہیں، 40 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کا علاج کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں سے مویشی محفوظ مقام پر منتقل کئے گئے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں 10 کلو کے 15 ہزار 795 بیگ فراہم، 1198 سائلیج، 399 ٹن بھوسہ، توڑی فراہم کی گئی۔
مریم نواز شریف کوبریفنگ دی گئی کہ سیلاب کی آمد کے پیش نظر منہ کھر کی بیماری کے سدباب کے لئے 37 لاکھ 70 ہزار چھوٹے بڑے جانوروں کی ویکسی نیشن، منہ کھر کی بیماری سے بچاؤ کے لئے 5 ملحقہ اضلاع سے بفر زون قائم کیا گیا۔