جنوبی وزیرستان: سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ایف سی ساؤتھ اور انتظامیہ کے مشترکہ اقدامات

Published On 21 September,2025 11:01 am

جنوبی وزیرستان:(دنیا نیوز) جنوبی وزیرستان میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پانے کیلئے فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ) اور سول انتظامیہ کی جانب سے مشترکہ ہنگامی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ سرواکئی قرار دیا گیا ہے، جہاں انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا، ایف سی ساؤتھ نے متاثرہ علاقوں میں نہ صرف فوری امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا بلکہ مقامی انتظامیہ کے تعاون سے بحالی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ٹوٹے ہوئے راستوں اور بہہ جانے والے پلوں کی ازسرنو تعمیر مکمل کر کے آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے، جس سے مقامی لوگوں کو ایک بار پھر نقل و حرکت میں آسانی میسر آ گئی ہے۔

اس دوران مقامی کمانڈر نے علاقے کے عمائدین اور مشران کے ساتھ ایک جرگہ بھی منعقد کیا، جس میں عوامی مسائل سنے گئے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔

مزید برآں، ایف سی ساؤتھ کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں ریلیف پیکجز تقسیم کئے گئے جن میں بستر، کپڑے، اشیائے خورونوش، پھل اور دیگر ضروری سامان شامل تھا۔

مقامی عوام نے فرنٹیئر کور ساؤتھ کی بروقت امدادی کارروائیوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے اطمینان اور شکریہ کا اظہار کیا۔