لاہور:(دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ قدرتی آفات میں سیاست کو نہیں گھسیٹنا چاہیے۔
صوبائی دارالحکومت میں چرچ آف پاکستان کی سیلاب متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ سیلاب جو پنجاب میں آیا یہ بہت بڑی آفت اور امتحان ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ابھی تک بہت سارے علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں لوگ مشکل میں ہیں، سیلاب نے کسی کا مذہب اور ذات نہیں پوچھی سب کو متاثر کیا،آج انٹر فیتھ ہارمنی کا مظاہرہ کیا گیا مسلمانوں اور مسیحیوں کو بلا کر امداد دی۔
گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ ایسے ایونٹ میں شکایات ملتی ہیں کہ امدادی سامان کم ہوتا ہے جس پر شرمندگی بھی ہوتی ہے، لیکن یہاں دیا جانے والے پیکیج بڑا وزنی ہے جس کو اٹھانا مشکل ہے،اس طرح کی آفات میں سیاست کو نہیں گھسیٹنا چاہیے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بندے کو سمجھ تبھی آتی ہے جب وہ اس مشکل کا خود سامنا کرتا ہے،تھیم پارک میں بیس بیس فٹ پانی کھڑا ہوا جس نے لوگوں کی زندگی کی محنت برباد کر دی،آج بھی وہاں سے پانی نہیں نکل سکا، ہمیں اپنے بہنوں بھائیوں کی مشکل کا احساس ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ صرف حکومتوں کا کام نہیں ہوتا، اللہ کی طرف سے آنے والی آفت کا سب مل کر مقابلہ کریں، سپر پاور صرف اور صرف اللہ کی ذات ہے،تمام لوگ کھلے دل کے ساتھ میدان میں نکلیں، بحالی کا مرحلہ انتہائی مشکل ہے۔
گورنرپنجاب نےکہا کہ حکومت سروے بھی کرے گی اور امداد بھی پہنچانی چاہیے، سروے میں بہت ساری خرابیاں بھی ہوتی ہیں، مستحق لوگ رہ جاتے ہیں، زمیندار کا سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے، ٹھیکیدار کو بھی امداد ملنی چاہیے، جس کے پاس زمین ہو سب کا خیال رکھنا ہے اور بہتر طریقے سے سروے کرنا چاہیے۔
سردار سلیم حیدر خان کا کہنا کہ تمام لوگ اس سروے میں حصہ لیں تاکہ کوئی بھی بندہ سروے میں رہ نہ جائے،آج پورے معاشرے کے لیے بڑا اچھا میسج دیا گیا ہے، وہ بہت اچھا ہے، پیپلز پارٹی ساتھ شامل ہوئی تو یہ حکومت بنی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمارے ورکرز تیار نہیں تھے ہم نے قومی انٹرسٹ کے حوالے سے ساتھ دیا،یہ سسٹم ہمارے بغیر چلنے والا نہیں ہے،ہماری اچھی نیت اور قربانی کو سیاست کی نظر کر دیا جائے تو دکھ ہوتا ہے،اگر عزت بھی نہ ہو اور اس کا احساس بھی نہ ہو۔
گورنرپنجاب کا مزید کہنا تھا کہ نمبر پورے بھی ہو گئے تو پیپلز پارٹی کے بغیر سسٹم نہیں چلے گا، بات معافی کی نہیں عزت اور وقار کی ہے، ڈاکٹر اسد قیصر نے کہہ تو دیا ہے لیکن کوئی گارنٹی نہیں ہے، جب عوام ہمیں مینڈیٹ دیں گے تو بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنوائیں گے۔