لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے فیصل عبدالستار ایدھی کی گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں پنجاب میں سیلاب کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
گورنر سلیم حیدر خان نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کے مشن کو آگے بڑھانا قابل ستائش ہے، عبدالستار ایدھی کی عوام الناس کے لیے فلاحی خدمات قابل تحسین ہیں۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ مقامی این جی اوز اور مخیر حضرات کے تعاون سے پانی اور کھانے کے علاوہ خشک راشن کے بیگز بھی سیلاب زدگان میں تقسیم کیے گئے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین نے ایدھی فاؤنڈیشن کی فلڈ ریلیف سروسز کو بہت سراہا، گورنر پنجاب نے عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی کو عوام کی بے لوث خدمت پر شاباش دی۔
اس موقع پر فیصل ایدھی نے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن نے موجودہ سیلاب کے دوران علی پور، جلالپور، پیر والا میں کشتیوں کے ذریعے 30 ہزار افراد کو ریسکیو کیا۔
فیصل ایدھی نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ایدھی فاؤنڈیشن کی ٹیمیں 18 دن مسلسل ریسکیو آپریشن میں شامل رہیں۔
انہوں نے کہا کہ چناب، راوی اور دریائے ستلج کے لیے 3 علیحدہ علیحدہ ٹیمیں تشکیل دی گئیں جن کی نگرانی میں نے خود کی۔
گورنر پنجاب نے فیصل ایدھی کو گراں قدر خدمات کے اعتراف میں گورنر ہاؤس کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔