اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ بانی کی ہدایت پر من و عن عمل ہوگا، علی امین گنڈا پور آج سمری کے ذریعے گورنر کو استعفیٰ بھجوائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہا کہ بانی کی ہدایات ہمیں موصول ہوچکی ہیں، بانی کی خواہش کے مطابق علی امین گنڈا پور کو استعفیٰ دینے کا کہا ہے۔
بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور سے ایک گھنٹہ ملاقات ہوئی، تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے، علی امین گنڈا پور کچھ دیر بعد پشاور روانہ ہوں گے، علی امین گنڈا پور اپنا استعفی گورنر کو بھجوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ٹوتھرڈ میجورٹی برقرار رہے گی، وزیراعلیٰ کا استعفیٰ دینا ایک آئینی معاملہ ہے، علی امین گنڈا پور کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، بانی کی ہدایت کے مطابق خیبرپختونخوا آگے بڑھے گا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کپتان کی مرضی ہے کون سی جگہ پر کون سے کھلاڑی کو کھلانا ہے، بانی نے سہیل آفریدی کو نامزد کیا ہے، بانی نے علیمہ خان اور علی امین گنڈا پور کے بیانات کا کوئی ذکر نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صرف تحریک انصاف کی حکومت ہوگی، پارٹی میں اختلاف رائے ہوتا ہے کوئی گروپ نہیں ہے، تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں متحد ہے، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کا سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں ہے۔