سیاست ہوتی رہے گی، دہشتگردی ایشو پر سب کو متحد ہونا ہوگا: خواجہ آصف

Published On 09 October,2025 07:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سیاست ہوتی رہے گی، دہشتگردی کے ایک ایشو پر سب کو متحد ہونا ہوگا، یہ وقت مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تین سال قبل افغانستان کا دورہ کیا تھا، افغانستان دورے میں کہا آپ کی سرزمین سے دہشت گردی ہو رہی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہم نے افغانستان کو کہا 6 سے 7 ہزار افراد کو کنٹرول کریں، افغانستان نے کہا ہمیں 10 ارب روپے دیں ہم انہیں مغربی علاقوں میں منتقل کر دیتے ہیں۔


خواجہ آصف نے بتایا کہ ہم نے کہا کیا گارنٹی ہے یہ لوگ مغربی علاقوں سے واپس نہیں آئیں گے؟ افغانستان گارنٹی دینے کے لیے تیار نہیں تھا، کل ہمارے دو افسران اور 9 جوان شہید ہوئے، مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ایک تجویز ہے اگلے دو دن کے اندر وفد کابل جائے، وفد دہشت گردی کا معاملہ افغان عبوری حکومت سے اٹھائے، افغانستان سے بات کرنا ہوگی اب بہت ہوگیا، سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان ملک کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، شہدا کے لواحقین کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ  اینف ازاینف  ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، ہمارے ملک میں ایسے لوگ ہیں جو دہشت گردی کی کھل کرمذمت نہیں کرتے، معرکہ حق میں مسلح افواج نے اپنی طاقت کا لوہا منوایا ہے، فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج نےبھارت کےخلاف تاریخی فتح حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف فتح سے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا، دہشت گردوں کے لیے کوئی نرم گوشہ اور رعایت قابل برداشت نہیں، پاکستان اور فوج کی عزت و وقار سب سے آگے ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان میں مقیم افغانی یہاں کاروبار کرتے ہیں، یہ لوگ ہمارا کھاتے ہیں اور ہمارے خلاف ہی دشمن کا ساتھ دیتے ہیں، یہ جس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں  چھید  کرتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو معاف نہیں کیا جائے گا، ہم پر قرض ہے کہ اپنی فوج کےساتھ کھڑے ہوں، ہمیں  من حیث القوم  پاکستان کو نقصان پہنچانے والوں کو جواب دینا ہوگا۔