اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال سے امریکہ کی ناظم الامور نٹالی بیکر نے ملاقات کی۔
وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا پاکستان اور امریکہ کے درمیان ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات اور ماحولیاتی استحکام کے شعبوں میں تعاون کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کاتعلیم، سائنس اور ترقی میں تعاون جاری ہے،جب کہ دوران گفتگو علم اور جدت میں نئی شراکت داری پر بھی زور دیا گیا۔
وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ منصوبے سے دونوں ممالک دیرینہ تعلقات کو نئی جہت دے رہے ہیں، امریکہ پاکستان علمی کوریڈور کو فعال کرنے سے پاکستانی سکالرز کے لئے امریکی یونیورسٹیوں میں تعلیم اور تحقیق کے مزید مواقع میسر ہوں گے۔
احسن اقبال نے مزید کہنا کہ پاکستان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے پرعزم ہے، آخر میں امریکہ کی ناظم الامور نٹالی بیکر نے اظہار تشکر کرتے ہوئے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔