اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں سےکسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا مہر بخاری‘ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ افغان طالبان نے ہم پر جنگ مسلط کی ہے اور ہم نے اب انہیں بھی اس جنگ میں لپیٹا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم تو پہلے ہی حالت جنگ میں ہیں، افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے بیس پچیس سال سے ہمیں حالاتِ جنگ میں مبتلا کر رکھا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ تو عام جنگ سے بھی بُری ہے،چھپا ہوا دشمن سامنے کے دشمن سے کہیں زیادہ خطرناک ہوتا ہے۔
مشیر وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانی اِس جنگ کا مزہ چکھیں، اب جو جنگ ہو گی اس کا ہم ہی نہیں افغان طالبان بھی شکار ہوں گے،دہشت گردوں سےکسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی، شرپسند ہمارے افسران اورجوانوں کوشہید کر رہے ہیں، اِن کےساتھ کیا مذاکرات کریں گے؟
سینیٹررانا ثنا اللہ نے کہا کہ سعد رضوی کی گرفتاری سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہے،ٹی ایل پی کے خلاف مقدمات درج ہوئے ہیں، اُنہیں نتائج بھگتنا ہوں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کی تقریر سے لگتا ہے وہ خودکش بمبار ہیں، نومنتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے خود کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے عشق میں مارا جاؤں گا۔