خیبرپختونخوا: سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ

Published On 17 October,2025 10:25 am

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری سکولوں کو مرحلہ وار آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس اقدام کا مقصد تعلیمی معیار میں بہتری لانا اور فی طالب علم اخراجات میں نمایاں کمی کرنا ہے۔

دستاویزات کے مطابق فی الوقت خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں میں فی طالب علم 3 ہزار 517 روپے ماہانہ خرچ ہو رہے ہیں، آؤٹ سورسنگ کے بعد یہ خرچ کم ہو کر ایک ہزار 667 روپے ماہانہ رہ جائے گا۔

ہر سکول کے لیے ماہانہ 3 لاکھ روپے کا خصوصی بجٹ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، محکمہ تعلیم نے خراب کارکردگی دکھانے والے سکولوں اور طلبہ کی شناخت کا عمل مکمل کرلیا جبکہ صوبے کے 4 ہزار 147 سکولوں میں 40 فیصد طلبہ کی کارکردگی غیر تسلی بخش پائی گئی۔

آؤٹ سورسنگ کا منصوبہ تین مراحل میں مکمل ہوگا، پہلے مرحلے میں 500 سکول، دوسرے میں ایک ہزار سکول اور تیسرے مرحلے میں 2 ہزار سکول آؤٹ سورس کیے جائیں گے۔

منصوبے کے تحت ہر آؤٹ سورس شدہ سکول میں طلبہ کی تعداد 40 سے بڑھا کر 180 کرنا ہوگی، صوبے میں اس وقت 49 لاکھ کے قریب بچے سکولوں سے باہر ہیں اور آؤٹ سورسنگ کے بعد یہ تعداد کم یا ختم ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے تعلیم کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی اور وسائل کا مؤثر استعمال ممکن ہو سکے گا۔