اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈریپ کو میڈیکل ڈیوائسز ڈیلرز ایسوسی ایشن کے خلاف تادیبی کارروائی سے آئندہ سماعت تک روک دیا۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے پاکستان میڈیکل ڈیوائسز ڈیلرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا، وزارت صحت اور ڈریپ سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرکے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا جبکہ اٹارنی جنرل کو بھی عدالت کی معاونت کے لیے نوٹس جاری کر دیا گیا۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے کے جاری کردہ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے مطابق آئی وی ڈی ڈیوائسز علاج نہیں، صرف تشخیص میں مدد دیتی ہیں، ڈریپ نے ان میڈیکل ڈیوائسز کو بھی اپنے دائرہ اختیار میں شامل کر لیا جس کی اسے صرف نگرانی کی اجازت ہے۔
درخواست گزار وکیل کے مطابق ڈریپ نے تشخیصی سامان یا آئی وی ڈی میڈیکل ڈیوائسز کو بھی رجسٹریشن سے مشروط کردیا، ڈریپ کا ایس آر او خلاف قانون ہے، ڈریپ کے ایس آر او کی وجہ سےامپورٹرز اور ہیلتھ انڈسٹری کو مشکلات کا سامناہے۔
درخواست گزار وکیل کے مطابق ایس آر او کی وجہ سے ملک بھرمیں میڈیکل ڈیوائسز کی قلت ہو رہی ہے۔
حکم نامہ میں عدالت کا کہنا ہے کہ ڈریپ اور دیگر ادارے آئندہ سماعت تک درخواست گزاروں کے خلاف تادیبی کاروائی نہ کریں اور کیس کی مزید سماعت نومبر کے دوسرے ہفتہ میں کی جائے گی۔