پاکستان آج عالمی سطح پر اُبھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہوگیا: احسن اقبال

Published On 25 October,2025 04:46 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان آج عالمی سطح پر اُبھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہوگیا۔

وفاقی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک میں ترقی کے ہرمنصوبے پر مسلم لیگ ن کی تختی لگی ہوئی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں بھارت کو دیا گیا کرارا جواب تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کو معرکہ حق میں عظیم کامیابی ملی، وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں مسلح افواج نے بھارت کو بھرپور جواب دیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ پاکستان آج عالمی سطح پر اُبھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہوگیا ہے، مسلم لیگ ن ملک بنانے اور سنوارنے والی پارٹی ہے، ہماری حکومت نے ملک سے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی،بانی پی ٹی آئی نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیل دیا تھا،پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پنجاب میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کے راستے پر گامزن ہے، عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے، پی ٹی آئی  نے نئی نسل کو نعروں کے ذریعے گمراہ کیا۔