9 مئی مقدمات: اسد عمر اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانت میں توسیع

Published On 31 October,2025 09:27 am

لاہور: (دنیا نیوز) 9 مئی مقدمات میں سابق وفاقی وزراء اسد عمر اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کر دی گئی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش سمیت دیگر مقدمات کی سماعت ہوئی، سابق وفاقی وزراء اسد عمر اور اعظم خان سواتی سماعت کے دوران عدالت میں حاضری کے لیے پیش ہوئے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی اور دونوں رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 5 دسمبر تک توسیع کر دی، عدالت نے اسد عمر اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں پر آئندہ سماعت کے لیے دلائل طلب کر لیے۔

ذرائع کے مطابق اسد عمر نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش کے مقدمات میں عبوری ضمانت دائر کر رکھی ہے جبکہ اعظم خان سواتی نے جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور دیگر مقدمات میں ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

سابق وفاقی وزراء پر بغاوت، اشتعال انگیزی اور کارکنان کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے کے الزامات عائد ہیں۔