9 مئی مقدمات: پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 5 دسمبر تک توسیع

Published On 31 October,2025 09:32 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی 9 مئی مقدمات کے مختلف مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 5 دسمبر تک توسیع کر دی گئی۔

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کے 6 مقدمات کی سماعت ہوئی جن میں مسلم لیگ ن کے دفتر کو جلانے اور کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے واقعات شامل ہیں۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مقدمات پر سماعت کی جبکہ عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے پر متعدد پی ٹی آئی رہنما اور کارکن عدالت میں پیش ہوئے۔

سابق وفاقی وزراء فواد چودھری اور اسد عمر سمیت اعظم سواتی، جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، حافظ فرحت عباس، بلال اعجاز، رائے حسن نواز، علی امتیاز وڑائچ، محمد احمد چھٹہ، محمد اشرف سوہنا اور رائے مرتضیٰ اقبال نے اپنی حاضری یقینی بنائی، عدالت نے تمام ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 5 دسمبر تک توسیع کر دی۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خانم اور عظمیٰ خانم نے بھی ان مقدمات میں عبوری ضمانت دائر کر رکھی ہے، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب عدالت میں پیش نہ ہو سکے جس پر عدالت نے ان کی عبوری ضمانت انتظار میں رکھ لی۔

جے آئی ٹی کے تفتیشی افسران نے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس کے مطابق علیمہ خان، عظمیٰ خان اور دیگر ملزمان کو واقعات کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ تمام مقدمات 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق ہیں جن میں توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات شامل ہیں۔